Estb. 1882

University of the Punjab

News Archives

News Updates

ادارہ تالیف وترجمہ سے الانسانیۃ قبل المعتقدکی اشاعت

ادارہ تالیف وترجمہ سے الانسانیۃ قبل المعتقدکی اشاعت


ادارہ تالیف وترجمہ سے عربی کتاب ”الانسانیۃ قبل المعتقد“ شائع ہوگئی ہے۔یہ کتاب فکراقبال کے تناظر میں عالمی سطح پر ایک ایسے معاشرے کا خواب پیش کرتی ہے جو نسلی، لسانی،علاقائی حدودسے بلند صرف انسانیت کی بنیادپراستوارہو۔کتاب دوحصوں پر مشتمل ہے۔پہلے حصے میں انسانیت کی بنیادپر استوارہونے والے عالمی معاشرے کاتصورپیش کیاگیاہے اورپاکستان کے معاصر نظام تعلیم میں اسلامی تصورات کے اثرات تلاش کیے گئے ہیں۔اسی طرح پاکستانی نظام تعلیم پرعصری سماجی وسیاسی اثرات کاجائزہ پیش کیاگیاہے۔کتاب کے دوسرے حصے میں، اسلام میں تحرک اور تخلیقیت کے تصورپرروشنی ڈالی گئی ہے۔معاشرے میں مذہبی رواداری اور برداشت کی ضرورت واہمیت کوروشن کیاگیاہے،فلسطین کے مسئلے کو ایک ناشنیدہ صداکے طورپر پیش کیاگیاہے،اور جنوبی ایشیا میں ایک آزادوطن کا تصورپیش کرنے کے پس پردہ حقائق اور خیالات کی وضاحت کی گئی ہے۔ یہ کتاب پنجاب یونی ورسٹی کے ادارہ تالیف وترجمہ کے ڈائریکٹرپروفیسرڈاکٹرزاہدمنیرعامرکی انگریزی کتاب Humanity Beyond Creed کا ترجمہ ہے،جسے جامعہ الازہرقاہرہ کے اساتذہ ڈاکٹراحمدالقاضی اور ڈاکٹررانیا فوزی نے عربی میں منتقل کیاہے۔کتاب کی تقدیم اردواورعربی ادبیات کے معروف اسکالر دانشوراور شاعر ڈاکٹرخورشیدرضوی نے لکھی ہے۔ڈاکٹرخورشیدرضوی کاکہناہے کہ ڈاکٹرزاہدمنیرعامرکانا م صرف پاکستان ہی میں نہیں بلکہ بین االاقوامی ادبی حلقوں میں بھی ایک جاناپہچانانام ہے۔ انھوں نے شعروادب اورثقافت وتاریخ وغیرہ پر متعدد تصانیف علمی دنیاکے سامنے پیش کی ہیں ان کی متعددفکری دلچسپیوں میں اقبالیات کا شعبہ بھی شامل ہے اور اس کتاب میں انھوں نے فکر اقبال میں انسانیت اور معتقدات کے حوالے سے بحث کی ہے۔ کتاب کاانگریزی ایڈیشن اقبال اکیڈمی پاکستان سے شائع ہواتھا۔ادارہ تالیف وترجمہ نے اس کتاب کو عربی میں شائع کیاہے۔ سوادوسوصفحات پر مشتمل یہ کتاب خوب صورت گیٹ اپ کے ساتھ منظرعام پر آئی ہے توقع ہے کہ عالمی سطح پر اس کتاب کا بھرپوراستقبال کیاجائے گا۔