پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ترکی اور پاکستان کے باہمی تعلقات پہ ادراہ تحقیقات اسلامی (ISAM) اور استنبول یونیورسٹی کے اشتراک سے ایک بین الاقوامی سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا۔ یہ سمپوزیم انہی دو اداروں میں 25 اور 26 اکتوبر 2022کو منعقد ہوا۔ کانفرنس میں اردو، ترکی، عربی اور انگریزی زبانوں میں مقالات پیش کیے گئے۔ ادارہ زبان و ادبیات اردو کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے "ترکی اور ترک اردو نثر میں" کے عنوان سے مقالہ پیش کیا، جسے حاضرین کی بڑی تعداد نے سراہا۔ انھوں نے افسانوی اور غیر افسانوی نثر کے مختلف متون کے تجزیے سے دکھایا کہ اردو میں ترکی اور ترکوں سے اخلاقی اور جمالیاتی معیارات کا اخذ و استفادہ کیا گیا ہے۔ مزید برآں پچھلی دو صدیوں کی بین الاقوامی سیاست کے سیاق میں بھی دونوں ملکوں کے تہذیبی اور ملی تعلقات کے مختلف پہلو اردو نثر میں جگہ پاتے رہے ہیں |