ادارہ زبان و ادبیات اردو، پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج لاہور کے اہتمام سے برصغیر میں اردو صحافت کے 200 برس مکمل ہونے کی مناسبت سے 7 دسمبر 2023 بروز جمعرات کو صبح ساڑھے دس بجے ایک بین الاقوامی سیمینار/ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں پاکستان کے معروف صحافی سلمان عابد، محقق و نقاد پروفیسر جمیل احمد عدیل، انجمن ترقی اردو ہند کے جنرل سیکرٹری اطہر فاروقی (آنلائن) اور معروف دانشور، محقق و نقاد شافع قدوائی (آنلائن) شریک ہوئے۔ سیمینار کے صدر کہنہ مشق اوربزرگ صحافی سجاد میر تھے۔ مقررین نے بالترتیب "قیام پاکستان کے بعد کے بدلتے سماجی اور سیاسی تناظرات اور اردو صحافت کا کردار"، "اردو ادبی رسائل : روایت اور تقاضے"، "ہندوستان میں معاصر اردو صحافت" اور "دانشورانہ عرصہ (Intellectual Sphere) کی تشکیل اور سر سید کی صحافت" کے موضوعات پر مفصل اظہار خیال کیا۔ سیمینار کی نظامت ادارے کی استاد ڈاکٹر انیلا سلیم کے سپرد تھی۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر، ادارہ زبان و ادبیات اردو ڈاکٹر محمد کامران کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے تمام مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور سیمینار کے موضوع سے متعلق مختلف جہات پر روشنی ڈالی۔ سیمینار میں مختلف طبقات فکر سے تعلق رکھنے والے اصحاب نے براہ راست اور آن لائن بھی شرکت کی۔ سیمینار کے رابطہ کار کے فرائض ڈاکٹر ساجد صدیق نظامی نے ادا کیے۔ |