Estb. 1882

University of the Punjab

News Archives

News Updates

پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس میں سیرت کانفرنس بسلسلہ جشن عید میلادالنبی ؑ منعقد ہوئی

پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس میں سیرت کانفرنس بسلسلہ جشن عید میلادالنبی ؑ منعقد ہوئی


پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس میں آج مؤرخہ 2024-10-07 بروز پیر کو سیرت کانفرنس بسلسلہ جشن عید میلادالنبی ؑ منعقد ہوئی جس میں اساتذہ اکرم، ملازمین اور سینکڑوں کی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ سیرت کانفرنس کی صدارت کے فرائض کالج پرنسپل ڈاکٹر احمد منیب مہتہ نے ادا کیے۔ کانفرنس میں معروف مذہبی سکالرڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سیرت کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اس کے بعد کالج کے طلباء و طالبات نے ہدیہ نعت پیش کیے۔ کالج پرنسپل ڈاکٹر احمد منیب مہتہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ حضور ؑ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہیں ان کی سیرت طیبہ ہر شعبہ زندگی میں راہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں موجودہ دور میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے بحثیت قوم اور بحثیت امت مسلمہ اسوہ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔
علامہ راغب حسین نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ہے کہ حضورؑ کی دنیا میں تشریف آوری کے لئے حضرت ابراہیم علیہ سلام اور حضرت اسماعیل علیہ سلام نے التجائیہ دعا کی جب وہ خانہ کعبہ کی تعمیر فرما رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اے ہمارے رب مکہ میں رہنے والے لوگوں میں سے ایک رسول مبعوث فرما دیں۔ وہ آپ کی آیات مبارکہ کی تلاوت کرے گا وہ انہیں کتاب کی تعلیم دے گا اور انہیں دانائی کی تعلیم اور انہیں پاک کرے گا بیشک آپ غالب حکمت والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی انسانیت پر سب سے بڑی نعمت حضور ؑ کی آمد ہے۔ حضور ؑ پر انسان کی رشد وہدایت کے لئے وحی کی صورت میں قرآن مجید اتارا گیا جوقیامت تک انسانوں کی راہنمائی کرے گا۔ قرآن کریم انسانوں کے لئے نازل کیا گیا اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کی تعلیم حاصل کریں۔
کانفرنس کے اختتام پر کالج پرنسپل ڈاکٹر احمد منیب مہتہ نے طلباء و طالبات، اساتذہ اکرام اور مہمانوں میں قرآن مجید کے نسخے تقسیم کیے اور علامہ راغب حسین نعیمی نے امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے دعا کروائی۔