Estb. 1882

University of the Punjab

News Archives

Press Release

تعزیتی ریفرنس بہ یاد پروفیسر ڈاکٹر قاضی عبدالرحمن عابد

تعزیتی ریفرنس بہ یاد پروفیسر ڈاکٹر قاضی عبدالرحمن عابد


معروف نقاد, محقق اور ماہرٍ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر قاضی عابد 21 فروری 2022کو حرکتٍ قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے۔ ادارہ زبان و ادبیات اردو کے زیر اہتمام 09 مارچ 2022 بدھ کے روز اورینٹل کالج کے تاریخی شیرانی ہال میں ان کے لیے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس ریفرنس میں جی سی یونیورسٹی کے امتیازی پروفیسر ڈاکٹر سعادت سعید، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی، پروفیسر ڈاکٹر صائمہ ارم صدر شعبہ اردوجی سی یو لاہور، معروف ترقی پسند جناب خالق مقصود، سرگودھا یونیورسٹی سے ڈاکٹر شاہد نواز، ڈاکٹر ساجد جاوید، راوی روڈ کالج سے ڈاکٹر ظہیر عباس کے ساتھ ساتھ ادارہ زبان و ادبیات کے ڈائیریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحسن، پروفیسر ڈاکٹر ناصر عباس نیر اور ڈاکٹر محمد نعیم نے قاضی عابد صاحب کی شخصیت، تدریس، تحقیق اور تنقید کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی
مقررین نے واضح کیا کہ قاضی عابد ایک اعلیٰ دماغ اور نہایت مہذب شخصیت کے حامل تھے۔ ان کی شخصیت کا جوہر محبت اور مسکراہٹ ہے۔ وہ شاگرد پرور انسان تھے۔ انھوں نے تنقیدی تھیوری اور ترقی پسندی میں مکالمے کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی۔ ان کی رحلت پہ دنیا بھر سے سوگواران کے پیغامات اور سوشل میڈیا پر ان کے لیے دعائیہ اور تعزیتی پوسٹوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھوں نے ذاتی سطح پر اپنی توجہ اور محبت سے ایک بڑا حلقہ اثر پیدا کر لیا ہے
آخر میں ڈاکٹر محمد کامران نے قاضی عابد صاحب کے خصائل کا ذکر کرتے ہوئے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کروائی